واشنگٹن،28جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا نے فضاء میں مصنوعی سیارے کو پہنچانے کے لیے کیے گئے ایران کے تازہ میزائل تجربے کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے اسے عالمی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جوہری معاہدے کی روح کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ھیذر نویرٹ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا تازہ میزائل تجربہ بیلسٹک میزائل تجربات کا تسلسل ہے۔ امریکا اس پیش رفت کو انتہائی خطرناک قرار دیتا ہے۔ رات گئے اور صبح کو ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل تجربات کو ہم جوہری معاہدے کی روح، عالمی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔
ایران کی سرکاری ٹی وی کے مطابق تہران نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مصنوعی سیاروں کو زمین کے مدار سے باہر لے جانے کے والے میزائل کا کامیاب تجریہ کیا ہے۔سیمرگ کے نام سے اس نئے میزائل کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ 500کلو میٹر بلندی میں 250کلو گرام مصنوعی سیارے کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ تجربہ مصنوعی سیاروں کے لیے مختص خمینی اسپیس سینٹر سے کیا گیا۔ سرکاری ٹی وی پرمیزائل کو فضاء میں لانچ کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔